صوبہ خیبر پختونخوا کو پُر امن بنائیں گے، فیصل کریم کنڈی

Published On 03 February,2023 06:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سکیورٹی فورسز کے نمائندے موجود تھے، 6 گھنٹے کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس صوبے کو پُرامن بنائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کرینگے تاکہ ان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو، آج کے پوائنٹس 7 فروری کی اے پی سی میں رکھے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف دوبارہ جنگ لڑنے جارہے ہیں، افسوس ہے کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ ہسپتال تک نہیں آئی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بات کرتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تکلیف ہوتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کے قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پاکستان کے ساتھ سنجیدہ ہیں تو اے پی سی میں شرکت کریں، اگر پی ٹی آئی نہیں آئے گی تو پھر واضح ہو جائے گا کہ پی ٹی آئی کس کے ساتھ ہے۔