اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر جمعہ سے سری لنکا کا 2 روزہ دورہ کریں گی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور سری لنکا کے 75 ویں یوم آزادی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی، یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ وہ اپنے ہم منصب سمیت دیگر قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جو دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں میں بتدریج فروغ پا رہے ہیں، دونوں ممالک نے سارک سمیت کثیرالجہتی فورمز میں بھی ملکر کام کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا وزیر مملکت حنا ربانی کھر کا دورہ سری لنکا دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا اور مشکل وقت میں سری لنکا کیلئے پاکستان کی حمایت کا پیغام دے گا۔