کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں اساتذہ کی تعیناتیوں میں بے قاعدگیوں کے معاملے پر محکمہ تعلیم نے رپورٹ وزیر تعلیم کو پیش کر دی۔
رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے شکایات پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سے معاملے کی تحقیقات کیں، ضلعی افسران کے بیانات لیے گئے، ڈائریکٹر سکولز نے اساتذہ کی تعیناتی ضلعی افسران کی تجاویز کے مطابق نہیں کی۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈائریکٹریٹ آفس نے تعیناتیوں کے آرڈر میں کئی بار تبدیلی کی جس سے بے یقینی کی صورتحال ہوئی، اساتذہ کو ان کی رہائش سے دور تعینات کیا گیا، کئی اساتذہ کو ایسے سکول میں تعینات کیا جہاں آسامی نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق کئی سکولوں میں سائنس کے زیادہ اساتذہ تعینات کر دئیے گئے، کچھ میں ایک بھی سائنس ٹیچر کی تعیناتی نہیں کی گئی، آئندہ اس قسم کی تعیناتیوں میں انتظامی معاملات کو سامنے رکھا جائے۔