اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزام پر پیپلز پارٹی کے چاہنے والوں، عہدیداران اور کارکنان نے شدیدغصے کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے لکھا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے، اس طرح کی الزام تراشی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان اب عدالت میں ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر سابق صدر زرداری سے معافی مانگیں۔
عمران خان اب عدالت میں ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر صدر زرداری سے معافی مانگے۔ انہوں نے ہمیشہ دوسروں پر الزام تراشی کرکے سیاست میں متعلقہ رہنے کی کوشش کی ہے۔ جس شخص نے آج تک شہید بی بی کے قتل کی مذمت نہیں کی وہ آصف زرداری پر دہشتگرد تنظیم پر پیسا لگانے کا الزام لاگا رہا ہے۔ 2/4
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) January 30, 2023
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوسروں پر الزام تراشی کر کے سیاست میں متعلقہ رہنے کی کوشش کی ہے، جس شخص نے آج تک شہید بی بی کے قتل کی مذمت نہیں کی وہ آصف زرداری پر دہشتگرد تنظیم پر پیسہ لگانے کا الزام لگا رہا ہے، دہشتگرد تنظیموں کے اتحادی عمران خان خود ہیں۔
سینیٹر نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشتگرد تنظیموں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہی ہے، ہم اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس کی قائد نے سرعام دہشتگردوں کو چیلنج کیا، صدر زرداری نے شہید بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا۔
عمران خان کے الزامات اور جھوٹ کو ہر بار نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ یہ میڈیا میں ہیڈ لائین بنانے اور سیاست میں متعلقہ رہنے کیلئے متنازعہ بیانات دیتے ہیں۔ سیاست اور پارلیمان سے آئوٹ ہونے کے بعد عمران خان کے پاس متعلقہ رہنے کیلئے متنازعہ بیانات کے سوائے اور کوئی طریقہ نہیں بچا۔ 4/4
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) January 30, 2023