اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ جنرل (ر) ضیا الحق کی کرتوتوں سے پاکستان کو بہت بڑا نقصان ہوا، ہم ان کو کیسے بھول جائیں۔
شازیہ مری نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی کا بھی بھائی نہیں دہشت گرد ہیں، ہم نے امن کیلئے 80 ہزار لوگ قربان کیے، اسی ایوان کا حصہ تھی جب دہشت گردوں کو بھائی کہا جا رہا تھا، ہم لہو دے دے کر اب تھک چکے ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے، ہم نے بہت امتحان دے دیئے اب فیصلوں میں کلیئریٹی ہونی چاہیے، کلر از کلر، گڈ اور بیڈ میں تقسیم نہیں ہو سکتا، اب ایک نیا بیانیہ ہے یہ تو ناراض ہے ان کو روزگار دے کر ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 جنوری کو سابق صدر زرداری پر گھناؤنا الزام لگایا گیا، الزام وہ لگا رہے ہیں جو دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، اگر اچھی بات نہیں کر سکتے تو چپ رہیں، ملک انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے۔