اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے، اب ان کو قوم کے سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان عوام کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دہشت گردی اور مہنگائی کے ذمہ دار نہیں، کہتے ہیں وہ جوابدہ نہیں، ان سے پہلے حکومت کرنے والے ذمہ دار ہیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے مزید کہا کہ عمران خان بتائیں کہ اسامہ بن لادن کو شہید کس نے کہا، دہشت گردوں سے مذاکرات کس نے کئے، سزا یافتہ دہشت گردوں کو صدارتی معافی کس نے دلوائی، دہشت گردوں کو کس مقصد کیلئے صدارتی معافی اور رہائی دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کیا سزا یافتہ دہشت گردوں کی رہائی کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا، ملک میں دہشت گردوں کے دفتر کھولنے کا خواہشمند کون تھا، 30 سے 40 ہزار جنگجوؤں کی پاکستان میں آبادکاری کون کرنا چاہتا تھا، کیا جنگجوؤں کو ملک میں آباد کرنے کا فیصلہ عمران خان کا ذاتی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو رعایتیں دینے کے باوجود دہشت گردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کیوں ہوا؟، ملک نے 70 ہزار سے زائد شہادتیں دیں، آپ کی حکومت سے پہلے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، اب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں جوابدہ نہیں۔