الیکشن کی تاریخ نہ ملی تو آئین کی بحالی کیلئے تحریک چلانی پڑے گی، پی ٹی آئی

Published On 09 February,2023 02:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 3 دن گزر گئے تو آئینی مسائل پیدا ہوں گے، الیکشن کی تاریخ نہ دی گئی تو ہمیں آئین کی بحالی کیلئے تحریک چلانی پڑے گی۔

لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا کہ آئین کہتا ہے الیکشن کا انعقاد کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ذمہ داری پوری نہ ہونے کی صورت میں اس کا نتیجہ بھی آئین میں لکھا ہوا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ان کو سیاسی موت نظر آرہی ہے، یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کررہے، تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے، کارکنان حلقوں میں اتریں اور انتخابی مہم شروع کریں، الیکشن آ رہا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 12 کروڑ سے زائد لوگوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، اگر 90 روز میں الیکشن نہیں ہوتے تو آرٹیکل 6 میں سزا موجود ہے، انتخابات ہونے سے پنجاب کے عوام کو ان کا آئینی حق ملے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ نہیں دی جاتی تو ہمیں آئین کی بحالی کے لئے تحریک چلانی پڑے گی، پی ڈی ایم پہلے عوام، پھر الیکشن اب عدالت سے بھاگ رہی ہے۔