صدر علوی کی عمران خان سے ملاقات، انتخابات کے انعقاد پر تبادلہ خیال

Published On 09 February,2023 09:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، صدر کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے خط کے مضمرات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں دونوں نے اتفاق کیا کہ مقننہ کی تحلیل کی صورت میں دستور انتخاب کیلئے 90 روز کی مہلت طے کرتا ہے، 90 روز کی آئینی مدت کے دوران انتخابات کے انعقاد میں ناکامی آئین سے صریح انحراف کے مترادف ہے۔

صدر علوی اور سابق وزیر اعظم نے گفتگو میں کہا کہ انحراف کی صورت میں آئین بذات خود واضح ہدایات دیتا ہے، ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے لازم ہے کہ دستور کی منشاء کو لاگو کیا جائے۔