لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، جنرل (ر) باجوہ کے اعتراف کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، ان کے اعتراف کے بعد معاملہ کلیئر ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق آرمی چیف کے حوالے سے کالم لکھا گیا جس میں جنرل (ر) باجوہ نے 4 اعتراف کیے ہیں، کالم میں لکھا گیا کہ حکومت تبدیلی میں قمرباجوہ نے اہم کردار ادا کیا، حکومت کی تبدیلی بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالم کے بقول جنرل (ر) باجوہ نے کہا اگر حکومت نہ بدلتے تو پاکستان کا نقصان ہو جاتا، ہر گز نہیں ہو سکتا کہ دوست ملک بتائے پاکستان میں کس کی حکومت ہو گی، پاکستان میں حکومت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے، تحریک انصاف اسمبلی میں بڑی جماعت ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ چلتی ہوئی اکانومی کو برا کہہ کر حکومت کو چلتا کر دیا گیا، باجوہ کے اعتراف سے موجودہ حکومت کی لیجٹ میسی بالکل ختم ہو گئی، ملک کو جلد انتخابات میں جانا ہو گا، گزشتہ نو ماہ میں معیشت کا جو حال ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دور میں پاکستان 6 فیصد پر گروتھ کر رہا تھا، جنرل (ر) باجوہ کا کیسز کے حوالے سے اعتراف بھی بہت اہمیت کا حامل ہے، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا عدالت کے فیصلے کے بعد ممبران قومی اسمبلی بحال ہو چکے، سپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر ممبران کو اسمبلی میں شرکت کی دعوت دیں، اس کے بعد لیڈر آف دی اپوزیشن کا پروسیس مکمل کیا جائے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننا پی ٹی آئی کا حق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ کے اندر اب کافی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، کیپٹن (ر) صفدر کی باتوں میں کافی وزن ہے، ترکی کی حکومت نے شہباز شریف، بلاول بھٹو کو شٹ اپ کال دی، ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔