لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن لڑنے کی حامی بھریں، فنڈ ٹیلی تھون سے جمع کر لیتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتخابات کیلئے بھی ٹیلی تھون کروا لیتے ہیں، انتخابات کا فنڈ ٹیلی تھون کے ذریعے اکٹھا کر لیتے ہیں، آپ انتخابات لڑنے کی حامی بھریں، کیپٹن صفدر نے آج سچ بولا ہے کہ مریم نواز وزیر اعظم نہیں بنیں گی، جس جس کا جو آئینی کردار ہے وہ ادا کرے۔
سابق وزیر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن وہی زبان بول رہا ہے جو کیئرٹیکر گورنمنٹ بات کر رہی ہے، حکومتی لوگوں کے پروٹول کیلئے بندوبست ہو جاتے ہیں، انتخابات کیلئے گورنر اور الیکشن کمیشن بھاگ گئے ہیں، پوری قوم کی نظریں انتخابات کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ آج اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں، انہوں نے ملک کے ہر شعبے کو تباہ کر دیا، صرف اپنے مقدمات معاف کروائے ہیں، آٹا 160روپے کلو ہو گیا ہے، مہنگائی کے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، خطرہ عمران خان نہیں امپورٹڈ حکومت سے ہے۔