کراچی: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 میں ضمنی الیکشن کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے امیدوار مصطفیٰ کمال کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی جانب سے اچھی پیش رفت کی توقع ہے، پیپلز پارٹی کے دوستوں نے ہماری بات مثبت انداز میں سنی ہے، ہمیں پیپلز پارٹی سے اچھے جواب کی توقع ہے، ہمارے پاس لوگوں کا مینڈیٹ آئے گا تو 2010 والا کراچی بنائیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اس شہر میں جب بھی اچھا ہوا ہے ایم کیو ایم کے دور میں اچھا ہوا ہے، بہت ساری پارٹیوں سے ہمیں آفرز ہیں، ہم نے آفرز کو قبول نہیں کیا بلکہ ٹھکرایا ہے، ہم اپنے سارے تجربے کو بروئے کار لائیں گے۔
دریں اثناء این اے 256 میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار عماد الدین کےکاغذات نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔
دوسری جانب این اے 247 میں ضمنی الیکشن کے لیے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفتاب صدیقی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ تمام نشستیں تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے استعفوں کے بعد خالی ہوئی ہیں۔