وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا

Published On 13 February,2023 10:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس منگل کی شام وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لے گی، وفاقی کابینہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، اجلاس میں آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق اب تک کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گھریلو، کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا

وزیر اعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا 5 نکاتی ایجنڈا ہوگا، وفاقی کابینہ 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی، ملک میں بجلی کے حالیہ بریک ڈاون پر پاور ڈویژن کی رپورٹ پیش کی جائے گی، توشہ خانہ پر قانون سازی سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی کی سفارشات کل کابینہ میں پیش ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرونا کے علاج میں استعمال ہونے والے سو ایم جی انجکشن کی قیمت میں اضافے پر فیصلہ ہوگا، کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 9 فروری کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق لی جائے گی۔