آشیانہ کیس میں دھمکیوں سے اسرار سعید کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا، مریم اورنگزیب

Published On 14 February,2023 06:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آشیانہ کیس میں دھونس، دھمکیوں سے اسرارسعید کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا تھا، جھوٹے کیسز کے جواز کے لیے جھوٹے گواہ بھی بنائے گئے تھے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسرار سعید کے حلفیہ بیان کے بعد عمران خان، شہزاد اکبر، ڈی جی نیب کو عدالت بلایا جائے، عمران دور میں سیاسی مخالفین کے جھوٹے کیسز بنائے گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بے بنیاد منی لانڈرنگ کیس بنایا گیا، آج جھوٹے گواہ کا بھانڈا پھوٹ گیا، عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی کا استعمال کر کے مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، عمران کی اصلیت آئے روز بے نقاب ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سائفر والا پرچہ کدھرگیا؟ تم نےفارن پالیسی کے ساتھ کھیل کھیلا، پہلے کہا امریکہ، پھر باجوہ، پھر شہباز شریف اور محسن نقوی نے سازش کر دی، آج کہہ رہے ہو کسی نے سازش نہیں کی، کیا تم لوگوں کو پاگل سمجھتے ہو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عمران خود کہہ رہے ہیں امریکی سازش نہیں تھی، دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہے، پلستر کا بہانہ بنا کر نوجوانوں کو کہتے ہو جیلیں بھرو، آج شہزاد اکبر کدھر ہے جو ہر وقت پی آئی ڈی میں پریس کانفرنسز کرتےتھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک دن گالی، اگلے دن معافی مانگنا عمران خان کی سیاست ہے: مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ تم نے کیا اور جواب ہم سے مانگتے ہو، ہر روز تمہارے چہرے سے نقاب اترتا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج سائفر کے معاملے پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے، اس سے بڑا اہم ایشو اور کوئی نہیں ہو سکتا، عمران خان کو تمام کیسزمیں جواب دینے کے لیے کٹہرے میں لایا جائے۔