انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کردی

Published On 15 February,2023 03:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈیڑھ بجے دن طلب کر رکھا تھا، عدم پیشی پر جسٹس راجہ جواد عباس نے فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت خارج کر دی۔

دوسری طرف عمران خان کی قانونی ٹیم نے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی تیاری شروع کردی ہے، عمران خان کی جانب سے آج ہی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان عبوری ضمانت پر تھے۔