لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی نے ملاقات کی اس موقع پر نادر دوگل ایڈووکیٹ، خبیب بلوچ بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔
چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، مسلم لیگ (ن) میں سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں، پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہو چکا ہے، مسلم لیگ (ن) پنجاب کھو چکی، اب ان کا کوئی مستقبل نہیں، شہباز شریف تاریخ کے نا اہل ترین حکمران ثابت ہو رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے مریم نواز بھی تیار نہیں، مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر لانچنگ بھی ناکام ہو گئی ہے، پی ڈی ایم کی تمام تر کوشش ہے کہ اقتدار سے چمٹی رہے جس کیلئے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے، جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا اوورسیز پاکستانی بھی گرفتاری کیلئے اپنا نام رضاکارانہ پیش کر رہے ہیں، اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی سٹار ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے۔