لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید بحران کی زد میں ہے، جمہوریت اور عدلیہ کو خطرات لاحق ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لیگی رہنما مصدق ملک کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے کہا کہ موصوف نے پہلے تو مہنگی ترین گیس ضرورت سے زیادہ خرید لی، پھر بروقت کچھ بھی نہ خریدا، بات صرف عمران خان پر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں تیل کے ذخائر 3 ماہ سے کم ہو کے صرف 7 دن کے رہ گئے، پورے 10 ماہ تک روس سے سستا تیل اور گیس نہ لے کر ملک میں توانائی اور مہنگائی کا بحران پیدا کیا گیا۔
اپنے ایک اور بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ شفاف انتخابات ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہیں، پی ڈی ایم انتخابی میدان چھوڑ کر بھاگ رہی ہے، عمران خان مار دھاڑ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 30 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ملک کو معاشی استحکام کی ضرورت ہے، یہ چہرے ملک کی تباہی کا نشان بن چکے ہیں، اس حلقے میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا امیدوار نظر نہیں آرہا۔