میونخ: (دنیا نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یورپین یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل کے درمیان جرمنی میں جاری میونخ سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ماحولیات، علاقائی سکیورٹی، مائیگریشن، قوانین پر مشتمل ورلڈ آرڈر، باہمی اور دیگر بین الاقوامی امور پر گفتگو کی۔
یونین کے امورِ خارجہ کے سربراہ جوزپ بوریل نے اس ملاقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے علاقائی مسائل اور سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا، میں نے اس ملاقات میں بین الاقوامی قوانین پر مبنی آرڈر کے تحفظ کے لیے یورپین یونین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش پر زور دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ موسمیاتی لچکدار بحالی، تجارت اور نقل مکانی سے متعلق چیلنجوں پر بھی بات کی۔
دوسری جانب، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بتایا کہ میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جوزپ بوریل کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
Had good discussion with @JosepBorrellF, on sidelines of #MSC2023. Exchanged views on matters of regional and global of importance. Look forward working with EU to further enhance Pak-EU ties. pic.twitter.com/dp0vaxJCWI
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) February 19, 2023