لاہور: (دنیا نیوز) جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے نگران حکومت کے اختیارات سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر و دیگر نے درخواست دائر کی جس میں نگران حکومت کی جانب سے ٹرانسفر اور پوسٹنگ کو چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں حکومت پنجاب، نگران وزیراعلیٰ پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران حکومت نے سیاسی مفادات کیلئے افسروں کے تبادلے کر کے غیر قانونی اقدام کیا،عدالت افسروں اور اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلوں کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست میں الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات عمومی نوعیت کے ہیں، کسی افسر سے مسئلہ ہے تو الیکشن کمیشن سے ثبوتوں سمیت رابطہ کیا جائے، الیکشن کمیشن نے بھی عدالت کو یقین دہانی کروائی ہے کسی افسر سے متعلق شکایت آئی تو ازالہ کیا جائے گا۔