نگران وزیراعلیٰ کا سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ، پی ایس ایل کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

Published On 14 February,2023 10:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سیف سٹیز اتھارٹی کا اچانک دورہ، پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے لیے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی کا اچانک دورہ کیا، پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، انہوں نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے لاہور میں سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ نظام کا بھی معائنہ کیا، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو پی ایس ایل سکیورٹی و سرویلنس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ سیف سٹیز اتھارٹی لاہور میں 550 خصوصی کیمروں سے پی ایس ایل کی نگرانی کر رہی ہے، کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کے روٹس، ہوٹل اور سٹیڈیم کی مانیٹرنگ کے تمام انتظامات مکمل ہیں، سیف سٹیز ٹیکنیکل ٹیمیں پی ایس ایل کے دوران 24 گھنٹے فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے ڈیجیٹل وال پر مختلف علاقوں خصوصاً پی ایس ایل روٹس کا مشاہدہ کیا، سیف سٹیز اتھارٹی کے عملے سے ملاقات بھی کی اور عملے کو جانفشانی اور جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان میں لگائے گئے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا جائے، انٹیلیجنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے درست استعمال سے شہریوں کو بہترین ٹریفک پلان دیا جائے، پی ایس ایل ڈیوٹی پر مامور پولیس و دیگر عملے کے لئے کھانے پینے و چائے کے انتظامات بھی کئے جائیں۔


 

Advertisement