لاہور: (جہانزیب ظفر) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا آٹھواں ایڈیشن آج سے شروع ہو گا، افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہو گا۔
میچ سے قبل ملتان سٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہو گی جس میں پی ایس ایل 8 کا نغمہ گانے والے گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے۔
پی ایس ایل 8 کے میچز پاکستان کے 4 شہروں ( ملتان، کراچی، لاہور اور راولپنڈی) میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا فائنل 19 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پی ایس ایل جیتنے والی ٹیم کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم 4 کروڑ 80 لاکھ کی رقم گھر لے کر جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں فاتح ٹیم کو 8 کروڑ جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے ملے تھے۔