نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈرگ ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

Published On 19 February,2023 03:19 pm

لاہور : (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے میں ڈرگ ڈیلرزکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت انسداد منشیات کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں منشیات کی خریدو فروخت روکنے کے اقدامات اورنئی نسل کو منشیات سے بچانے کے لئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا، دوران اجلاس تعلیمی اداروں میں طلبہ کی رینڈم سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت موثراقدامات اٹھائے جائیں گے، پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں اور اینٹی نار کوٹکس فورس کے درمیان اشتراک کار کو مزید بہتربنایا جائے گا، انہوں نے آئس کے نشے کی روک تھام کیلئے بھی موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آئس کی سپلائی چین اور آن لائن دستیابی روکنے کیلئے جامع انداز سے کام کیا جائے، تعلیمی اداروں کو منشیات کی وبا سے بچانے کیلئے فی الفور سخت اقدامات کرنا ہوں گے، نئی نسل کو منشیات سے بچانا قومی اورسماجی ذمہ داری ہے۔