صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق کب کب؟ کیا کیا ہوا؟ مکمل ٹائم لائن۔
پنجاب اسمبلی
14 جنوری 2023 کو پنجاب کی 17ویں اسمبلی تحلیل ہوئی۔
14 اپریل 2023 تک پنجاب اسمبلی کے انتخابات ہونا ہیں۔
22 جنوری 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا گیا۔ جس کے بعد انہوں نے اسی دن گورنر سے حلف لے لیا۔
25 جنوری 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 9 اپریل سے 13 اپریل 2023 کے درمیان کرانے کی تجویز دی گئی جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات 15 اپریل سے 17 اپریل 2023 کے درمیان کرانے کی تجویز دی گئی۔
26 جنوری 2023 کو پنجاب اسمبلی کی نگران کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف لیا، یہ کابینہ 8 ارکان پر مشتمل تھی۔
27 جنوری 2023 کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
30 جنوری 2023 کو لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن 90 روز میں ہی ہونے چاہئیں، کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔
8 فروری 2023 کو پنجاب، خیبرپختونخوا اسمبلیوں اور ضمنی انتخابات کیلئے تین سرکاری اداروں وزارت دفاع، وزارت خزانہ اور عدلیہ نے معاونت سے معذرت کر لی۔
8 فروری 2023 کو چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی جانب سے الیکشن کمیشن کی میٹنگ کے دوران کہا گیا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات ایک ہی روز کرائے جس سے خرچ میں بھی کمی آئے گی اور الیکشن کیلئے فول پروف سکیورٹی بھی مہیا کی جا سکے گی۔
10 فروری 2023 کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو گورنر پنجاب کی مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن 90 دن میں انتخابات یقینی بنائے۔
14 فروری 2023 کو سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق پٹیشن کی جلد سماعت کیلئے درخواست کی گئی۔
15 فروری 2023 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔
16 فروری 2023 کو گورنر پنجاب نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کر دیا، گورنر پنجاب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
16 فروری 2023 کو سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ پنجاب میں الیکشن نہ ہوئے تو چیف جسٹس از خود نوٹس لے سکتے ہیں، عدالت عظمیٰ نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا معاملہ ازخود نوٹس کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔
17 فروری 2023 کو الیکشن کمیشن نے صوبائی انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی، لاہور ہائی کورٹ میں دائر انٹرا کورٹ اپیل میں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا۔
17 فروری 2023 کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دیدی، ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کیلئے دعوت دی۔
20 فروری 2023 کو صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا، عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیکشن57 ٹو کے تحت انتخابات کا انعقاد کرے، اس نے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔
20 فروری 2023 کو صدر کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں اعلان کردہ تاریخ سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔
20 فروری 2023 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کیلئے نئی درخواست دائر کر دی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کو 1 ماہ سے زیادہ وقت گزر چکا ہے، گورنرز آئین کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی
18 جنوری 2023 کو خیبرپختونخوا کی 11 ویں اسمبلی تحلیل ہوئی۔
16 اپریل 2023 تک خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات ہونا ہیں۔
21 جنوری 2023 کو اعظم خان کو صوبہ خیبر پختونخوا کا نگران وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا گیا۔
26 جنوری 2023 کو خیبرپختونخوا اسمبلی کی نگران کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف لیا، یہ کابینہ 15 ارکان پر مشتمل تھی۔
31 جنوری 2023 کو پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا، اسد عمر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل کو 12 روز سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکے۔
6 فروری 2023 کو خیبر پختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے نگران حکومت، الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔
7 فروری 2023 کو چیف الیکشن کمشنر سلطان راجہ کے زیر صدارت خیبر پختونخوا میں عام انتخابات اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے انتظامات بارے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کہا گیا کہ صوبے میں تعینات افسروں کے فوری تبادلے کئے جائیں، انتخابات سے قبل غیر جانبدار سٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی جائے جبکہ آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں اہلکاروں کی کمی پوری کرنے کیلئے فوج، فرنٹیئر کور کی مدد درکار ہو گی۔
8 فروری 2023 کو پنجاب، خیبرپختونخوا اسمبلیوں اور ضمنی انتخابات کیلئے تین سرکاری اداروں وزارت دفاع، وزارت خزانہ اور عدلیہ نے معاونت سے معذرت کر لی۔
14 فروری 2023 کو سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات سے متعلق پٹیشن کی جلد سماعت کیلئے درخواست کی گئی، یہ درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر شعیب شاہین کی جانب سے دائر کی گئی۔
17 فروری 2023 کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دیدی، ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے سکندر سلطان راجہ کو 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کیلئے دعوت دی۔
20 فروری 2023 کو صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا، صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ، جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا، عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیکشن 57 ٹو کے تحت انتخابات کا انعقاد کرے۔
20 فروری 2023 کو صدر کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں اعلان کردہ تاریخ سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔
20 فروری 2023 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کیلئے نئی درخواست دائر کر دی گئی، دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ میں درخواست پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے سپیکرز نے دائر کی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کو 1 ماہ سے زیادہ وقت گزر چکا ہے، گورنرز آئین کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ دونوں صوبوں کے گورنرز کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا حکم دے۔