لاہور : (دنیا نیوز ) شاہدرہ ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے زخمی جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال موصول ہونے پر پولیس نے شاہدرہ کے علاقے میں کارروائی کی، ملزمان شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہےتھے ، پولیس کا پیچھا کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی آصف ندیم نے بتایا ہے کہ زخمی ڈاکو کی شناخت عظیم کے نام سے ہوئی جبکہ ساتھی علی رضا فرار ہو گیا، ملزم عظیم ڈکیتی چوری جیسی سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے ایک روز قبل شہری صہیب کو دوران واردات فائرنگ سے زخمی بھی کیا تھا، زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔