نگران وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، پی ایس ایل میچوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

Published On 20 February,2023 05:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچوں کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ملتان کی طرح راولپنڈی کے کیمروں کو بھی سیف سٹی لاہور سے لنک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے 4 درجاتی سکیورٹی حصار بنایا جائے گا، ملتان کی طرح لاہور اور راولپنڈی کے میچوں کیلئے بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، پی ایس ایل کے روٹس پر سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے۔

محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو متبادل روٹس سے باقاعدہ آگاہ رکھنے کیلئے موثر تشہیری مہم چلائی جائے، انہوں نے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے آپس میں بہترین کو آرڈینیشن رکھیں، لاہورمیں گلبرگ کالج میں شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ معذور اور بزرگ افراد کیلئے کالج سے سٹیڈیم تک شٹل سروس چلائی جائے گی، تمام روٹ پر لائٹس لگانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، راولپنڈی میں 160 کیمروں کی مدد سے تمام روٹ اور سٹیڈیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔