عمران خان کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے پنجاب میں حکمت عملی بنا لی گئی

Published On 20 February,2023 11:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کی نگران حکومت نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی کال پر احتجاج کرنے والوں کے حوالے سے حکمت عملی بنا لی۔

ذرائع کے مطابق جو بھی طلباء جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں گے اُن کا کالج اور یونیورسٹی سے داخلہ کینسل کر دیا جائے گا، اگر کاروباری حضرات اس احتجاج میں حصہ لیں گے تو اُنکا لائسنس چیمبر آف کامرس سے منسوخ کر دیا جائے گا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سی سی ٹی وی بسیں زمان پارک اور ہائی کورٹ کے اطراف میں کھڑی کر دیں۔

پنجاب کی نگران حکومت نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی متحرک کر دیا، جو بھی طلباء اس احتجاج میں قانون کو ہاتھ میں لیں گے ان کا کریکٹر سرٹیفیکٹ نہیں بنے گا، کریمینل ریکارڈ چیک کیا جائے گا، گرفتار شدگان کے ٹیکس اور بینک ریکارڈ کی بھی جانچ کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کسی بھی بدعنوانی یا کریمینل کیس میں ملوث گرفتار شدہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کیا جائے گا، لاہور کی جیلوں میں قیدیوں کی گنجائش نہیں لہٰذا لوگوں کو میانوالی اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔