اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں کورم نامکمل ہونے کے باوجود ضمنی مالیاتی بل منظور کر لیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے کورم کیلئے 86 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے کل 68 ارکان موجود تھے، اس موقع پر اپوزیشن کی منی بجٹ میں پیش کی گئی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔
وزیر خزانہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ صحت کیلئے اچھا نہیں ہے، ہم نے عام لوگوں پر ٹیکس نہیں لگایا، شادی ہالز کے بلز پر ٹیکس لگایا گیا ہے، اکانومی کلاس کے ایئرٹکٹس پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، ہم نے ایلیٹ کلاس پر بوجھ ڈالا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف آٹھ سو ارب کے ٹیکسز کا کہہ رہا تھا، وزارت خزانہ کی ٹیم آئی ایم ایف کو 170 ارب پر لائی، اس ایوان کو معاشی ٹیم کو مبارکباد دینی چاہیے، مولانا عبدالاکبر چترالی نے شادی ہالز پر ٹیکسز کا ذکر کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پرانے دور میں ائیر کنڈیشنز ہالز میں شادیاں نہیں ہوتی تھیں، ہم نے بڑے ائیر کنڈیشنز ہالز پر ٹیکسز لگائے ہیں، چھوٹے ریسٹورنٹ یا شادی ہالز پر ٹیکس نہیں لگایا۔