اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا ہے، تحریک کا مقصد میڈیا کی توجہ، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے آئی جیز شریک ہوئے، اجلاس میں ہوم سیکرٹریز، کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا، قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف شواہد اکٹھے کر کے عوام کے سامنے لائے جائیں، قانون شکنوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہونا چاہیے، خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔