پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے بھی خیبرپختونخوا میں ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا۔
اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے انتخابی سیاست کو مذاق بنایا ہوا ہے، پہلے ایک امیدوار کو کئی نشستوں پر کھڑا کر کے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے گئے، موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے 3 مہینوں کیلئے قوم کے کروڑوں خرچ کرنا زیادتی ہوگی۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ اے این پی نے 18 حلقوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا تھا، ہر وقت انتخابات کیلئے تیار ہیں، پی ڈی ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی گئی تھی۔
واضح رہے دو روز قبل حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے بھی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں۔