اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریکیں ضمانتوں سے شروع نہیں ہوتیں، یہ کیسی تحریک ہے جس کا لیڈر پلستر باندھ کر ضمانت پر زمان پارک بیٹھا ہے، عمران خان نے ملک کو نقصان پہنچایا، انہیں اپنے خلاف چارج شیٹ کا جواب دینا پڑے گا، جیل بھرو تحریک کا آغاز عمران خان کی گرفتاری سے ہونا چاہئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نالائقوں، نااہلوں، ملک کے خلاف سازش کرنے والوں اور فارن فنڈنگ میں ملوث ٹولے نے 4 سال وفاق اور 10 سال خیبر پختونخوا میں تباہی مچائی، انہوں نے وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھ کر ریاستی طاقت کا استعمال کر کے اپنی جیبیں بھریں، اس ٹولے نے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ سرکاری خزانے کو استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کیا، چار سال تک تمام ریاستی طاقت ہونے کے باوجود یہ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انہوں نے سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب کرپشن نہ ملی تو انہوں نے ہیروئن کے کیسز بنا دیئے، یہ جب کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو انہوں نے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا، خارجہ پالیسی تباہ کی، کشمیر کا سودا کیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، ملک کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جہاں انہوں نے تباہی نہ مچائی ہو۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام ان کی پھیلائی ہوئی تباہی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، عمران نیازی نے پچھلے نو ماہ سے ملک میں تماشا لگا رکھا ہے، ان کی کہانی سائفر کی سازش، بیرونی سازش اور امپورٹڈ حکومت کے تماشے سے شروع ہوئی، کبھی اسلام آباد لانگ مارچ کیا کبھی خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ شروع کر کے پولیس والوں کے سر پھاڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب عدالتیں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز کو بلاتی تھیں اور وہ پیش ہوتے تھے، آج یہ عدالتیں اس شخص کو طلب کرتی ہیں تو یہ پیش نہیں ہوتا، شاہد خاقان عباسی کل عدالت میں تاخیر سے پیش ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے جبکہ دوسری طرف یہ شخص غنڈہ گردی اور بدمعاشی کرتا ہے اور اسے مہلت پر مہلت دے دی جاتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو عدالت، ایف آئی اے اور نیب طلب کر رہی ہے اور یہ جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہے جس کا آغاز ضمانت سے ہوتا ہے، یہ جیل بھرو تحریک نہیں ”جیل بچو“ تحریک ہے، ان کا عالمی سازش اور امپورٹ حکومت کا بیانیہ ختم ہو گیا، ان کے پاس توشہ خانہ کیس اور پانچ قیراط ہیرے اور القادر ٹرسٹ کی زمین، فارن فنڈنگ کے کیسز کا جواب نہیں اس لئے اپنے کیسز سے نظر ہٹانے کے لئے جیل بھرو تحریک کا نیا تماشا شروع کر دیا ہے۔