اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے انتخابات کے حوالے سے ازخود نوٹس کے معاملے پر بننے والے سپریم کورٹ کے بینچ پر سوال اٹھا دیا۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 9 سینئر ترین ججز پر مشتمل بینچ بنایا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اس بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود کو شامل کیا جائے۔
پاکستان بار کونسل کے اعلامیے کے مطابق جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بینچ میں شامل ہونے سے غیرجانبداری کا تاثر آئے گا۔
پاکستان بار کونسل کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام اور وکلا برادری اس اہم معاملے کی سماعت پر سوال نہیں اٹھا سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق بینچ کی یہ سماعت آئینی ذمہ داری اور اتھارٹی کے تعین کے لیے ہے جو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق ہے۔
پاکستان بار کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ توقع کرتے ہیں کہ جسٹس مظاہر اکبر نقوی رضاکارانہ طور پر بینچ سے علیحدہ ہو جائیں گے۔