سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری

Published On 23 February,2023 09:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سائفر کیس کا فیصلہ تحریر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتی، آئین کا آرٹیکل 175 عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ کرتا ہے، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو ایک دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، اُس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کے پاس سائفر کی تحقیقات کرانے کا اختیار تھا۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ نے سائفر معاملے کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلیں مسترد کردیں

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سائفر خارجہ امور میں آتا ہے جو وفاقی حکومت کا اختیار ہے، درخواست گزار سائفر سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کو ثابت نہیں کر سکے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے تینوں چیمبر اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔

یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ روز سائفر کی تحقیقات کیلئے دائر اپیلوں پر سماعت کی تھی، ایڈووکیٹ ذوالفقار بھٹہ، نعیم الحسن اور طارق بدر نے سائفر کی تحقیقات کیلئے چیمبر اپیلیں دائر کی تھیں۔