کفایت شعاری پالیسی بارے فیصلوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے، شہباز شریف

Published On 23 February,2023 07:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کفایت شعاری پالیسی بارے فیصلوں کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

وزیر اعظم کے زیر صدارت حکومتی سطح پر کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کے حوالے سے جو تاریخ ساز فیصلے لئے گئے ان کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کفایت شعاری پالیسی منظور، وزرا کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ

وزیر اعظم نے کہا کہ فیصلوں کو عوام میں پذیرائی ملی ہے، فیصلوں پر نفاذ میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں ہو گی اور ان پر سختی سے نفاذ ہو گا۔

شہباز شریف نے سادگی اور بچت کے حوالے سے فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کر دی، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی میں ہر اتحادی جماعت کے کابینہ رکن کی نمائندگی ہو گی، کمیٹی کا اجلاس کم از کم دو ہفتے بعد منعقد کیا جائے۔

Advertisement