لاہور : (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے ، بائیو میٹرک الیکشن کے لئے پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے 4 عہدوں کے لیے 14 امیدواروں میں مقابلہ ہے جس میں 26043 وکلاء رائے حق دہی استمال کریں گے، ان میں 24271 مرد اور 1772 خواتین وکلاء شامل ہیں۔
لاہورہائیکورٹ بار کی صدارت کے لئے اشتیاق اے خان اور لہراسب گوندل میں کانٹے کا مقابلہ ہے ، صدارتی امیدوار اشتیاق اے خان کو پروفیشنل گروپ جبکہ لہراسب گوندل کو عاصمہ جہانگیر گروپ کی حمایت حاصل ہے۔
نائب صدر کے عہدے کے لئے 6 امیدواروں میں مقابلہ ہورہاہے جس میں نائب صدر کے عہدے کے امیدواروں میں ربیعہ باجوہ ،وارث علی سرویا ، سردارعلی گہلن ، افتخار احمد بھٹی احمد خان گوندل اور رؤف احمد بھی شامل ہیں۔
سیکرٹری کے تین امیدواروں میں میاں عرفان علی ،مس صباحت علی رضوی ، اور قادربخش چاھل شامل ہیں جبکہ فنانس سیکرٹری کے تین امیدواروں میں شاہ رخ شہباز وڑائچ ، اعجاز احمد بوسال اور عادل نعیم شیخ شامل ہیں ۔
ہائیکورٹ کی جی پی او چوک پارکنگ میں امیدواروں کے ووٹرز کی رہنمائی کے لئے استقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جبکہ ہائیکورٹ بار کے کیانی ہال ، کراچی شہداء ہال ، ڈاکٹر محمد جاوید اقبال ایڈوٹریم ہال سمیت 6 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔
پولنگ بوتھ نمبر 1 ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں ووٹ نمبر ایک تا 8500 تک ووٹ کاسٹ ہوں گے ، پولنگ بوتھ نمبر 2 سٹڈی روم صرف خواتین ووٹر وکلاء کے لئے مختص ہوگا، پولنگ بوتھ نمبر 3 کیانی ہال میں ووٹ نمبر 8501 تا 11000 تک کے وکلاء ووٹ کاسٹ کرسکیں گے ،پولنگ بوتھ نمبر 4 لیٹیگنٹ سنٹر میں قائم ، ووٹ نمبر 11001 تا 14500 تک ووٹ کاسٹ ہوں گے۔
اسی طرح پولنگ بوتھ نمبر 5 لیٹیگنٹ سنٹر میں قائم ، 140501 تا 18500 تک ووٹ کاسٹ ہونگے ، پولنگ بوتھ نمبر 6 کراچی شہداء ہال میں ووٹ نمبر 18501 تا 23000 تک کے ووٹر وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے ، لاہور ہائیکورٹ بار انتخاب کے باعث آج لاہور ہائیکورٹ بار اور اس کے علاقائی بنچز میں عام تعطیل ہوگی۔