تین روزہ فیض فیسٹیول تمام تررنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر

Published On 20 February,2023 01:55 pm

لاہور:( ویب ڈیسک ) ممتاز شاعر فیض احمد فیض کی یاد میں منعقدہ تین روزہ فیض فیسٹیول اپنی تمام تر رونقیں لیے اختتام پذیر ہوگیا ۔

لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے اس ادبی اور ثقافتی فیسٹیول میں اندرون وبیرون ملک  سے اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

فیسٹیول کا اہتمام فیض فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے لاہور آرٹس کونسل کے اشتراک سے کیا تھا، فیسٹیول  کے دوران الحمرا کی عمارت پر فیض احمد فیض کی تصویروں اور ان کے کلام پر مبنی بینرز آویزاں کیے گئے تھے ۔

تین روزہ فیسٹول کے دوران مختلف سیشنز میں ادب، سیاست، آرٹ، کلچر، تھیٹر اور ڈرامہ سمیت فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کے دو سو سے زائد ماہرین نے اپنے خیالا ت کا اظہار کیا ۔

فیسٹول کے آخری روز کشورناہید، افتخارعارف، سمیعہ ممتاز، ثانیہ سعید، منیزہ ہاشمی، بھارت سے آئے ہوئے نامور شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر نے مختلف سیشن میں اظہار خیال کیا۔

فیض احمد فیض کی شاعری، ان کی سوانح حیات، داستان گوئی،ملکی سیاسی،معاشی صورتحال، ادب اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی جبکہ آخری روز مجموعی طور پر 25 سیشن ہوئے، نوجوانوں نے فیض کے کلام کو موسیقی کی دھنوں پر سجایا ، مختلف بینڈز نے ڈھول کی تھاپ پر ایسا سماں باندھا کہ حاضرین داد دیے بنا نہ رہ سکے ۔

فیسٹیول کے آخری روز مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ، جس میں جاوید اختر ، افتخار عارف ، انورشعور، کشور ناہید ، عباس تابش ، خورشید رضوی نے شرکت کی ، شعراء کے خوبصورت کلام کو سننے اور داد سے نوازنے کیلئے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

Advertisement