اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی حکومت کی این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
پنجاب کی وزارت داخلہ نے این اے 193 راجن پور کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب کو ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی، الیکشن کمیشن نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ این اے193 راجن پور میں ضمنی انتخاب کل شیڈول کے مطابق ہوگا۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 راجن پور کی نشست سردار جعفر خان لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخاب کی نگرانی کے لیے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں 3 روز کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔
مرکزی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ ٹیم بلا تعطل انتخابی عمل کی نگرانی کرے گی، انتخابی عمل کے حوالے سے شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا۔