لاہور (دنیا الیکشن سیل) پنجاب کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں الیکشن جاری ہیں ، الیکشن میں 7 آزاد امیدواروں سمیت 11 امیدوار انتخابی میدان میں مدِ مقابل ہیں ۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اس حلقے میں ضمنی انتخاب سیکیورٹی خدشات کی بناء پر ملتوی کرانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی تھی، جسے الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا۔
این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری کی31 دسمبر 2022ء کو وفات کے باعث خالی ہوئی تھی، 10 جنوری کو الیکشن کمیشن کی جانب سے اس نشست پر ضمنی انتخاب 26 فروری 2023ء کو کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 25 جولائی 2018ء کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے محسن خان لغاری 81 ہزار 358 ووٹ حاصل کر کے اس نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔
حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 ہے جن میں سے 2 لاکھ 6 ہزار 495 مرد ووٹرز جبکہ خواتین ووٹرزکی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 709 ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حلقے میں 237پولنگ سٹیشنز اور711 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ، جن میں سے 400 مردوں جبکہ 311 خواتین کے لیے مختص ہیں۔
اس حلقے میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے کاغذات جمع کرائے گئے تھے ، تاہم انہوں نے کاغذات واپس لے کر محمد محسن خان لغاری کو اس حلقے میں ٹکٹ جاری کر دیا تھا، محسن خان لغاری بطور امیدوار انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں ۔
محمد محسن خان لغاری 2018 ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر پی پی 293 سے 45 ہزار 146 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے اختر حسن خان گورچانی کو امیدوار نامزد کیا ہے ، جو کہ ماضی میں بھی اس حلقے کی قومی اور صوبائی نشست سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ چکے ہیں تاہم انہیں یہاں شکست ہوئی تھی ، جبکہ تحریک لبیک پاکستان نے محمود احمد پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے سردار اویس لغاری کے فرزند عمار احمد خان لغاری کو ٹکٹ جاری کیا ہے ، عمار احمد خان لغاری کا تعلق پاکستان کے بڑے سیاسی خاندان سے ہے ، وہ سابق صدر پاکستان فاروق احمد لغاری کے پوتے بھی ہیں۔
عمار احمد خان لغاری کی مہم حلقے کے منجھے ہوئے ن لیگی کارکن اور ان کے والد اویس احمد خان لغاری خود چلا رہے ہیں۔
7 لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل حلقہ این اے 193 راجن پورکی اہم برادریوں میں لغاری، گورچانی، خانزادہ اور پتافی شامل ہیں جبکہ یہ حلقہ جام پور، داجل ، محمد پور، طاہر کوٹ، کوٹ جانوں، ٹبی لنڈن اور کوٹلہ دیوان کے علاقوں پر مشتمل ہے۔