لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں کلاسز کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا، نئی کلاسز کو نئے نصاب کے مطابق پڑھانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام فیکلٹی کیلئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز بھی ہوگیا، پنجاب بھر کی فیکلٹی کیلئے 9 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے 252 فیکلٹی ممبرز کو ماڈیولر نصاب پڑھانے کی ٹریننگ دی جائے گی، یو ایچ ایس ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ورکشاپس دو دن جاری رہیں گی۔
جنوبی پنجاب میں ورکشاپ کا انعقاد ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان میں کیا گیا جس میں ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور لودھراں کے میڈیکل کالجوں کے فیکلٹیز نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے شرکاء سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن راٹھور نے کہا کہ میرا وژن ہے کہ ہماری میڈیکل ایجوکیشن ملکی ضرورتوں اور عالمی معیار کے مطابق ہو، منگل کے روز 8 ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ شمالی پنجاب اور آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ وطیم میڈیکل کالج راولپنڈی میں ہوگی۔
سیالکوٹ، گجرات اور نارووال کے میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ سیالکوٹ میڈیکل کالج میں ہوگی، سرگودھا کے تینوں میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ نیازی میڈیکل کالج سرگودھا میں ہوگی۔
لاہور میں چار ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا، ورکشاپس اختر سعید میڈیکل کالج، فاطمہ میموریل میڈیکل کالج، شالامار میڈیکل کالج اور یو ایچ ایس میں ہوں گی۔