مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) مبینہ پولیس کی سرپرستی میں تیل چوری کرنے کی ایک اور بڑی واردات پکڑ لی گئی ہے۔
متعلقہ اداروں نے مظفر گڑھ کے قصبہ گجرات میں پاک عرب آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے کلمپ لگا کر تیل چوری کی بڑی واردات پکڑی ہے، ریفائنری سے پی ایس او ڈپو کو جانے والی پائپ لائن سے کروڑوں روپے کا تیل چوری کیا جا رہا تھا۔
ایک ماہ قبل بھی ملزمان پی ایس او ڈپو کے سامنے پائپ لائن سے کلمپ لگا کر تیل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے، مقامی پولیس کی جانب سے تیل چور گروہ کے ارکان کو گرفتار نہ کرنے کی وجہ سے چوری کی وارداتیں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کئی مہینوں سے مبینہ پولیس کی سرپرستی میں پائپ لائن سے کلمپ لگا کر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔