چونیاں : ( دنیا نیوز ) صوبہ پنجاب کی تحصیل چونیاں میں دیرینہ دشمنی پر ماں بیٹے کو قتل کردیا گیا، ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے چونیاں بائی پاس پر ماں بیٹے کو فائرنگ کر کے قتل کیا، ماں بیٹا موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اپنے گاؤں مستوال جگھیاں جا رہے تھے پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ مقتولین میں ماں کی شناخت 50 سالہ آسیہ بی بی اور 19 سالہ بیٹے احمد کے نام سے ہوئی ہے ، مقتولین کی دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی، تھانہ سٹی چونیاں پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو قبضہ میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقتولین کے ورثاء نے لاشوں کو مین شہر چونیاں منتقل کردیا اور چھانگا مانگا الٰہ آباد روڈ کو بند کرکے احتجاج کرتے ہوئے پولیس سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مخالفین 2005ء سے لے کر اب تک ہمارے سات افراد قتل کرچکے ہیں، ملزمان اشتہاری ہیں جنہیں پولیس اب تک گرفتار نہیں کرسکی، ہم نے بار بار پولیس کو ملزمان کی سی ڈی آر دیں اور بتایا کہ ہمیں ملزمان کی طرف دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن پولیس کی روایتی سستی اور نا اہلی کی وجہ سے آج ماں بیٹا دن دیہاڑے قتل ہو گئے، جب تک ہمارے ملزمان گرفتار نہیں ہوتے لاشیں پولیس کے حوالے نہیں کریں گے۔
اس حوالے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی ) چونیاں کا کہنا تھا کہ پولیس کی سپیشل ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔