لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے بعد وفاق کی جانب سے غلام محمود ڈوگر کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد واپس کر دی گئیں، وہ سی سی پی او لاہور تعینات نہیں ہوئے، غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کرنے کیلئے پنجاب حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
واضح رہے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے لاہور میں جرائم پر قابو نہ پانے کی وجہ سے جنوری 2021 میں عمر شیخ کی جگہ غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کیا تھا، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی مختصر حکومت آنے کے بعد وفاق نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی بحالی کا تحریری حکم نامہ جاری
بعد ازاں چودھری پرویز الہٰی نے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا، غلام محمود ڈوگر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے بننے والی جے آئی ٹی کے کنویئنر تھے۔