اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا وفد مجھے ملنے آیا، ملاقات کا مقصد تھا کہ وہ قومی اسمبلی میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وفد میں پی ٹی آئی کے سینئر لوگ اور سابق ممبران اسمبلی تھے، ان کا موقف ہے کہ جب وہ استعفے واپس لیں گے تو لیڈر آف اپوزیشن ان کا ہوگا۔
راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ میں نے ان کو کہا کہ آپ تشریف لائے ہیں جس پر خوشی ہے، میں نے ان کو کہا کہ آپ مجھے استعفے منظور کرنے کا کہتے رہے جب میں نے نہیں کیے تو سابق اسپیکر اسد قیصر کی قیادت میں وفد نے مجھ سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی وفد کی سپیکر سے ملاقات، استعفے منظوری کا اقدام واپس لینے کی استدعا
اسد قیصر کی سربراہی میں آنے والے وفد نے استعفے منظور کرنے پر زور دیا، میں نے ان کے استعفے منظور کر لیے، آج جو وفد آیا اس کا موقف تھا کہ ہم نے استعفے اپنی مرضی سے نہیں دیے۔
راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ اس وفد کا کہنا ہے کہ میں نے ان کے استعفے غلط منظور کیے ہیں، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ عدالت گئے ہیں، عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنا نوٹفکیشن واپس لے لیا ہے۔