اسلام آباد پیشی اور ساہیوال میں جیل بھرو تحریک کے دوران جذبے پر کارکنوں کا شکریہ

Published On 28 February,2023 09:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پیشی اور ساہیوال میں جیل بھرو تحریک کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے جوش و جذبہ دکھانے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مسرت کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بدترین مہنگائی کے خلاف جیل بھرو تحریک کی صورت میں اپنے پرامن احتجاج کیلئے بڑی تعداد میں نکلنے اور گرفتاریاں دینے پر ساہیوال کی قیادت اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں آج اپنے فقیدالمثال استقبال پر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، دھمکیوں اور خوف و ہراس کے باوجود ہمارے کارکنان کا جنون اتنا ہی غیر معمولی اور توانا ہے جس کا نظّارہ میں نے آج اسلام آباد میں کیا۔