مظفر گڑھ : ( دنیا نیوز ) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق ممبر پنجاب اسمبلی عبدالحئی دستی کے گھر پر چھاپہ مار کر بارہ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کو خفیہ اطلاع ملی کہ سابق مشیر زراعت حکومت پنجاب عبدالحئی دستی کے گھر پر خطیر رقم موجود ہے جس پر ایڈیشنل ڈی جی وقاص حسن نے عدالت سے سرچ وارنٹ لے کر گھر کی تلاشی لی۔
چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی ملکی اور غیر ملکی کرنسی دو تجوریوں میں چھپائی گئی تھی جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کو نوٹ گننے میں کئی گھنٹے لگے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں سرگرم ہیں۔