لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے معاملے پر دائر درخواست غیر مؤثر قرار دے دی۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس جواد حسن نے شہری منیر احمد کی الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دے دیا ہے، ایسے میں توہینِ عدالت کی درخواست کا جواز نہیں رہتا۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) الیکشن ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم دیا ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ دو کے مقابلے میں تین کی اکثریت سے دیا ہے، بنچ کی اکثریت نے درخواست گزاروں کو ریلیف دیا ہے۔