اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا و پنجاب کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا و پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا، انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
انتخابی تاریخوں پر سٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہو گی، صدر اور گورنر نے مشاورت کی تو الیکشن کمیشن اس میں شریک ہوگا۔