چلاس: (دنیا نیوز ) شاہراہ قراقرم پر بوڈر اور گیچی کے درمیان مسافر کوچ کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار مسافر کوچ راولپنڈی سے سکردو جارہی تھی کہ بوڈر اور گیچی کے درمیان کھائی میں جا گری ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس موقع پر پہنچ گئے ، ریسکیو حکام کے مطابق چار مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 18 زخمی ہوئے ہیں جنہیں ریجنل ہسپتال چلاس منتقل کردیا گیا ہے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق ریجنل ہسپتال چلاس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔
وزیراعلی گلگت بلتستان کا اظہار افسوس
وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ، محمکہ صحت اور ریسکیو 1122 کو میتوں کی منتقلی اور زخمیوں کی مدد کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلی نے محکمہ صحت کو حادثے میں زخمی افراد کو بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی اور جان بحق افراد کے ایصال ثواب اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔