کوئٹہ : (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقہ کنبڑی پل کے مقام پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔
پولیس اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی دینے کے بعد کوئٹہ واپس آرہے تھے ، دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس میں 9 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے ہیں، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق شہید اور زخمی ہونےوالوں کو سبی منتقل کیا جارہا ہے ، دھماکے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی مذمت
وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کانسٹیبلری پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے، ارض وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کریں گے ، شہداءکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتےہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔
وزیر اعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداءکے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر دے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ۔
وزیر داخلہ کا نوٹس
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
وزیر داخلہ نے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال اور ملک کے تحفظ کے لیے جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں ، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص خبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
آصف علی زرداری کی مذمت
پاکستان پیپلز پارٹی شریک چیئرمین و سابق صدرآصف علی زرداری نے بولان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے ، آصف علی زرداری نے قانون نافذ کرنے والے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی ناقابل معافی جرم ہے، مجرم سزاسےبچ نہیں سکتے۔