پیپلزپارٹی کا کراچی میں اپنا میئر لانے کا خواب خواب ہی رہے گا: حافظ نعیم الرحمان

Published On 06 March,2023 12:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے نمبرز کم کرنا پیپلز پارٹی کا کام ہے، پیپلز پارٹی کا کراچی میں جیالا میئر لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جعل سازی کر کے جماعت اسلامی کے نمبر کم کر دیئےگئے، پی ٹی آئی بھی وہی کام کر رہی ہے جو پیپلز پارٹی نے کیا، ہم میں تو ظرف ہے کہ ہم پی ٹی آئی کی بھی بات کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ نمبر تبدیل کرسکتے ہیں، تاخیر کرسکتے ہیں مگر کراچی پیپلز پارٹی کا نہیں، پیپلزپارٹی کو بھی بتایا کہ وہ کراچی نہیں جیت سکتی، کراچی کے عوام سمجھتے تھے کہ اب کراچی کے حالات بہتر ہوں گے، خود کو عوام کا چیمپئن کہنے والے اپنی جماعت میں جمہوری نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کروانے کے پیچھے صرف جماعت اسلامی تھی، اس وقت الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کی بی ٹیم بنا ہوا ہے۔

 

Advertisement