لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سینئر وکلاء کے وفد نے ملاقات کی جس میں پرامن پارٹی کارکنوں پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان مظلوم کی آواز ہیں، حکومت کے دن گنے جا چکے، عوام کے احتجاج نے ثابت کر دیا کہ یہ الیکشن سے کتنا ڈر چکے ہیں، عمران خان کی قیادت میں عوامی طاقت کو روکنا نااہل ٹولے کے بس کی بات نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا: چودھری پرویز الہٰی
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی بد ترین فسطائیت نے اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا، پنجاب میں آئینی اور قانونی حقوق کو کچلنے کیلئے پولیس کا بدترین استعمال جاری ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے آنسو گیس، لاٹھی چارج کا بدترین استعمال قابل مذمت ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر نے کہا پولیس نے گلو بٹ کا کردار ادا کیا، پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گاڑیاں توڑیں، چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ پنجاب میں ہونے والی لاقانونیت کا نوٹس لیں، انتخابی شیڈول آ چکا ہے مگر انتخابی ریلی کی اجازت نہیں دی جا رہی۔