لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے نظر ثانی بجٹ وزارت خزانہ کے سامنے رکھ دیا۔
الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کیلئے فی الفور 10 ارب روپے کا مطالبہ کر دیا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کا تخمینہ 15 ارب روپے ہے، قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات مؤخر ہونے سے انتخابی اخراجات کم ہو گئے، انتخابات کیلئے نظر ثانی بجٹ کے فنڈز فراہم کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری خزانہ نے الیکشن کمیشن کو جواب دیا کہ حکومت کے پاس اخراجات پورے کرنے کے پیسے نہیں، میں الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ حکومت کے سامنے رکھوں گا، فیصلے سے جلد آگاہ کروں گا، الیکشن کمیشن نے کہا انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی آپ کی آئینی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔